ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / الحرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے بچہ بچہ کٹ مرے گا: مولانا فضل الرحمان

الحرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے بچہ بچہ کٹ مرے گا: مولانا فضل الرحمان

Sun, 09 Apr 2017 20:24:18    S.O. News Service

کراچی9اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جمعیت علمائے اسلام (ف) پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آج مملکت سعودی عرب دشمنوں کے نشانے پر ہے لیکن الحرمین الشریفین کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس کے لئے اپنی جانیں بھی قربان کر دیں گے۔نوشہرہ میں جے یو آئی کی 100 سالہ تقریب کے آخری روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے اور انسانیت کی رہنمائی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی دنیا بھر میں اسلام ہی مقبول ترین دین ہے۔اسلام دہشت گردی کا نہیں امن کا نمائندہ ہے جو اقلیتوں کے حقوق کو بھی سب سے زیادہ تسلیم کرتا ہے اور یہی امن کی بنیاد بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مملکت سعودیہ دشمنوں کے نشانے پر ہے، یمن کی صورت حال اس قدر خراب کر دی گئی ہے کہ حرمین الشریفین بھی نشانے پر آ گیا ہے لیکن ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ الحرمین الشریفین کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس کے تحفظ کے لئے پاکستان کا بچہ بچہ حاضر ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج دنیا میں انسانیت کا خون بہایا جا رہا ہے۔ کشمیری ایک زمانے سے کرب سے گزر رہے ہیں، عراق وشام میں خون آلود سیاست کھیلی جا رہی ہے، امریکا اور روس شام کو فتح کی آماجگاہ بنانا چاہتے ہیں۔ امید تھی کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد اقوام متحدہ دنیا میں امن قائم کرے گی اور بین الاقوامی ادارے تنازعات کاپرامن حل نکال سکیں گے لیکن اقوام متحدہ اور انسانیت کے تحفظ کے اداروں نے مایوس کیا۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے افغانستان پر حملہ کر کے فوجی طاقت کے ذریعے جائز حکومت کا خاتمہ کیا۔ آج بھی افغانستان میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے لیکن افغانستان میں امن غیر ملکی افواج کے انخلا اور باہمی مذاکرات کے ذریعے ہی آئے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ قوموں کے حقوق تسلیم کیے جائیں، احساس محرومی ختم کیا جائے اور عالمی طاقتیں امن کے لیے کرداراداکریں۔
 


Share: